خیبرپختونخوا: بٹگرام میں ایک شخص نے اپنے پورے خاندان کو قتل کر دیا

Last Updated On 30 May,2020 01:03 pm

بٹگرام: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں ایک شخص نے اپنے پورے خاندان کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی پولیس کا کہنا ہے کہ حبس میں بے جا رکھے ہوئے افراد کی بازیابی کی کوشش کے دوران ایک شہری نے اپنے ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کردیا۔ مسلح شخص کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کی شناخت جہانزیب خان کے نام سے ہوئی ہے، جس نے پولیس کے پہنچنے سے قبل دونوں بیویوں، بیٹا اور بہو کو قتل کردیا تھا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ تین بچوں کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔ پولیس نے بچوں کو چھڑانے کے لیے ملزم کو مصروف رکھنے کی کوشش کی لیکن ملزم نے انہیں رہا کرنے سے انکار کیا جبکہ وہ خود مسلح تھا۔

ڈی پی او نے کہا کہ مسلح شخص نے پولیس پر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے جن بچوں کو بحفاظت بازیاب کروایا ہے ان کی عمریں 2 سال سے 17 سال کے درمیان ہیں۔

طارق سہیل کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈی پی بٹگرام نے کہا کہ پولیس اس وقت قتل کے واقعے کے پیچھے محرکات سے لاعلم ہے جبکہ پولیس ملزم کی ذہنی حالت کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کررہی ہے۔