لاہور: (دنیا نیوز) ہاتھوں کی صفائی اور سماجی دوری کے ساتھ ساتھ صحت بخش غذا بھی کرونا کے خلاف اہم ہتھیار قرار دیا گیا ہے، بہتر مدافعتی نظام کے حامل افراد کے کرونا سے محفوظ رہنے یا بیماری کی صورت میں صحت یاب ہونے کے امکانات کہیں زیادہ ہوتے ہیں۔
ثابت ہوچکا کہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں ہاتھوں کی صفائی اور سماجی دوری نے اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔ اِسی تناظر میں ہمارے ہاں بھی لاک ڈاؤن جاری ہے تو ماہرین کی طرف سے شہریوں کو مسلسل حفاظتی تدابیرپر عمل کرنے اور پہلے سے کسی مرض میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط کرنے کی مسلسل تلقین کی جا رہی ہے۔
اِن دونوں طریقوں کے ساتھ، گھر پر تیار کی گئی سادہ اور صاف ستھری غذاکے استعمال کو بھی کرونا کے خلاف ایک موثر ہتھیار قراردیا جارہا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ گھرپر تیار کیے گئے کھانوں کااستعمال جسم میں قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور بہتر قوت مدافعت رکھنے والے افراد کرونا کا مقابلہ کرنے کی زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں۔