کراچی :(دنیا نیوز) شہر قائد میں پانی کے بحران کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔
واٹر کارپوریشن ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ سٹیشن سےپانی کی فراہمی معمول کےمطابق جاری ہے، شہرمیں پانی کا کوئی بحران نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پانی کے بحران والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، واٹر کارپوریشن کی پانی کی کوئی لائن نہیں پھٹی، پانی کی ایک لائن معمولی لیکیج ہے جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر 25-2024 کے پہلے فیز کا سالانہ مرمت کا کام 5 جنوری کو کیا جائےگا۔
واٹر کارپوریشن ترجمان کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک کی جانب سے ہونے والے شٹ ڈاؤن کے دوران پانی کی لائن کا کام بھی کیا جائے گا، کے الیکٹرک کی جانب سے مرمت کا کام 5 جنوری صبح 8 سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا، شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 12 گھنٹے ہوگا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہر قائد کو واٹر کارپوریشن کی جانب سے 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔