بھارتی کھلاڑی شبھمن گل اور اداکارہ ردھما پنڈت کی شادی کی خبریں افواہ نکلیں

Published On 01 June,2024 03:18 pm

بھارت :(دنیا نیوز ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور بلے باز شبھمن گل اور اداکارہ ردھما پنڈت سے متعلق افواہ پر اب اداکارہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

حال ہی میں شبھمن گل اور اداکارہ ردھما پنڈت سے متعلق خبر گرم تھی، جس کے مطابق ردھما اور شبھمن کی شادی ہونے جا رہی ہے، تاہم اس خبر پر اب اداکارہ نے ردعمل کے ساتھ اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

مقامی میڈیا سے بات چیت میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ کچھ لوگوں کا خیال ہے، کچھ لوگوں نے یہ کہانی گھڑی اور اب یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، میں شبھمن گل کو جانتی تک نہیں ہوں، یہ انتہائی بےہودہ عمل ہے، مجھے لوگوں کے پیغامات موصول ہورہے ہیں، میں اس سب سے تنگ آ چکی ہوں، یہی وجہ ہے کہ بالآخر میں نے ردعمل دینے کا فیصلہ کیا۔

ردھما نے تصدیق کی کہ وہ سنگل ہیں اور شادی کرنے کے لیے تیار ہیں مگر اس افواہ کے بعد کوئی بھی صحیح انسان نہیں آئے گا، جبکہ اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی شادی کر کے سیٹل ہونا چاہتی ہوں۔