اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے 12 سے 15 جنوری کے دوران موسم کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کردی۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات موسم کی مسلسل نگرانی کررہاہے، معمول کے مطابق ماہ جنوری سرد ترین مہینہ ہوتا ہے، عوام الناس سے گزارش ہے کہ بے بنیاد خبروں کو نظر انداز کریں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر زیر گردش ہے جس میں محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ کا پیغام دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 12 جنوری سے پندرہ جنوری کی راتیں پاکستان کی 100 سالہ تاریخ کی سرد ترین راتیں اور دن ھو سکتے۔
جعلی خبر میں کہا گیا کہ ہے وسطی پنجاب کے مندرجہ ذیل اضلاع گجرات، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، قصور ، ویہاڑی، اوکاڑہ، ساہیوال، حافظ آباد، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، لیہ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، ڈیرہ غازیخان، راجن پور، اور رحیم یار خان میں برفباری کا امکان ہے۔