روسی لڑکی کی پاکستان کا دورہ منسوخ کرنیوالی ٹویٹ جعلی قرار

Published On 29 April,2022 07:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر روسی لڑکی کی پوسٹ تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ حکومت تبدیل ہونے کی وجہ سے پاکستان کا دورہ منسوخ کر رہی ہے تاہم اب اس کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ جھوٹی ٹویٹ ہے۔

سارہ صادقووا نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک لڑکی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے اپنا پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا ہے کیونکہ وہاں مافیا کی حکومت آگئی ہے، یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب عمران خان نے روس کا دورہ کیا۔

ٹویٹ میں اس لڑکی نے تمام روسی شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان جانے سے گریز کریں کیونکہ وہ اب ایک امریکی ریاست بن چکا ہے اس لیے احتیاط کی جائے۔

روسی لڑکی کے دعویٰ پر مبنی اس ٹویٹ کو ہزاروں بار سوشل میڈیا پر شیئر کیا جاچکا ہے، جبکہ اتحادی حکومت کو ٹویٹ کے باعث کڑی تنقید کا بھی سامنا ہے تاہم فیکٹ چیک کے آزاد ادارے "فیکٹ چیک پاکستان" کے مطابق یہ ایک جھوٹ پر مبنی ٹویٹ ہے۔

فیکٹ چیک پاکستان کے مطابق ٹویٹ میں لڑکی کی جو تصویر استعمال کی گئی ہے وہ دراصل روس کی ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ سے لی گئی ہے اور جس اکاؤنٹ سے یہ ٹویٹ کیا گیا ہے وہ ایک جعلی اکاؤنٹ ہے۔