ممبئی: (ویب ڈیسک) ان کمپنیوں کی جانب سے انڈیا کی مشہور اور خصوصاً بالی ووڈ کی شخصیات کو جعلی ویوز، لائکس، شئیرز اور ری ٹویٹس کی بھی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
انڈین پولیس نے گلوکار بادشاہ کو کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے 3 اگست کو سمن جاری کیا تھا۔ انھیں جمعے کو دوبارہ مکمل بیان کیلئے دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق ممبئی پولیس جعلی سوشل میڈیا فالورز کے ایک کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ کیس اس وقت شروع ہوا جب پلے بیگ سنگر بھومی ترویدی کو پتا چلا کہ کوئی ان کے نام کا جعلی پروفائل بنا کر لوگوں کو بے وقوف بنا رہا ہے۔
جعلی پروفائل بنانے والے نے خود کو بھومی ترویدی کا مینجر ظاہر کرکے بالی ووڈ کی شخصیات سے رابطے شروع کر دئیے۔ خبریں ہیں کہ انڈین فلم انڈسٹری کے ایک معروف کریوگرافر نے جھانسے میں آکر بڑی رقم اس کے حوالے کر دی تاہم جب اسے شک ہوا تو اس نے بھومی ترویدی سے رابطہ کیا۔
بھومی ترویدی نے اس معاملے کی شکایت ممبئی پولیس سے کی جس نے ملزم کو گرفتار کر لیا لیکن ابتدائی تفتیش میں ہی انھیں اندازہ ہو گیا کہ اس فراڈ کا دائرہ بہت بڑا ہے۔
ممبئی پولیس اس کیس میں اب تک دو گرفتاریاں عمل میں لا چکی ہے۔ گلوکار بادشاہ کی طلبی بھی اس مقدمے سے جڑی ہے تاکہ وہ اس حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرا سکیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ممبئی میں لگ بھگ 70 کے قریب ایسی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جو مشہور شخصیات کو سوشل میڈیا پر جعلی فالورز فراہم کرتی ہے۔