آصف زرداری کی صحت سے متعلق جعلی خبریں چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Last Updated On 21 May,2020 10:57 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینٹر رحمان ملک نے آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق جعلی خبریں چلانے والوں کیخلاف سائبر کرائم قانون کے تحت کاروائی کرے۔

ایک بیان میں انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے سوشل میڈیا پر آصف علی زرداری کے متعلق جعلی خبریں چلانے والے اکائونٹس کے صارفین کی معلومات لیکر کاروائی کرے اور اس سلسلے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو رپورٹ دے۔

سینٹر رحمان ملک نے کہا کہ کسی بھی شہری یا ادارے کے متعلق جھوٹا پروپیگنڈہ کرنا سائبر کرائمز کے زمرے میں آتا ہے۔ الحمد للہ آصف علی زرداری تندرست ہیں۔ ذاتی معالجین کی ہدایات پر کورونا وائرس کے پیش نظر زرداری نے خود آئسولیشن اختیار کی ہوئی ہے۔