کرونا وائرس بارے جھوٹی خبروں کی روک تھام، سوشل میڈیا کمپنیوں نے کریک ڈاؤن شروع کردیا

Last Updated On 02 March,2020 10:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کرونا وائرس جیسے موذی مرض کے بارے میں جعلی خبروں اور غلط معلومات کو روکنے کیلئے سوشل میڈیا کمپنیوں نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

فیس بک حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس نے ایسی تمام جعلی پوسٹوں کو ہٹانا شروع کر دیا ہے جس میں لوگوں کو خطرناک مشورے دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ فیس بک پر ایسی پوسٹس بھی سامنے آئی ہیں جن میں کرونا وائرس سے بچنے کیلئے کیمیکل (بلیچ) پینے کے مشورے بھی دیئے گئے ہیں۔

فیس بک انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے حساس معاملے پر اب انتہائی چھان پھٹک کے بعد ایسی پوسٹس کو ہی جگہ دی جائے گی جو گلوبل اور مقامی صحت انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونگی۔

دریں اثناء سوشل میڈیا کی ایک اور مشہور سائٹ ٹویٹر نے اپنے صارفین کو کرونا وائرس کے حوالے سے درست معلومات کیلئے رہنمائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ٹویٹر حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ صارفین کرونا وائرس جیسے حساس معاملے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور غلط معلومات آگے پھیلانے کا باعث نہ بنیں۔ اس کیلئے ٹویٹر پر ایک ٹول متعارف کرا دیا ہے۔