بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں سوشل میڈیا پر چین کے کرونا وائرس سے متعلق پھیلنے والی 75 فیصد خبریں جعلی ہیں ان جعلی خبروں کی وجہ سے ملک میں خوف پھیلایا جانے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں جعلی خبریں درد سر بنی ہوئی ہیں، جہاں پر کچھ ممالک ان پر تدارک کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے ہیں جبکہ کچھ ممالک ان خبروں سے چھٹکارے کے لیے سخت ترین قوانین لا رہے ہیں، چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس دنیا بھر میں اپنے پنجھے گاڑھ چکا ہے، کرونا وائرس سے متعلق جعلی خبریں چین کے بعد تھائی لینڈ میں تیزی سے پھیلتی جا رہی ہیں، جہاں پر ان خبروں کو روکنے کے لیے مختلف طریقے اپنا جا رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کے وفاقی وزیر کی طرف سے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، ان اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سوشل میڈیا پر چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس سے متعلق 75 فیصد خبریں جعلی ہیں۔
بنکاک پوسٹ کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ چین میں ایسی 43 خبریں پکڑی گئی ہیں جو کرونا وائرس سے متعلق ہیں، ان میں سے 33 خبریں جعلی اور بے بنیاد ہیں، ایک خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے جبکہ 9 خبریں ایسی تھیں جن پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔
ان جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے حکومت نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں حکومتی ایجنسیاں، ادارے، پرائیویٹ سیکٹر سمیت دیگر لوگوں نے شرکت کی اور اس اجلاس میں جعلی خبروں سے متعلق غور کیا گیا، اجلاس میں اس چیز پر بھی غور کیا گیا کہ کس طرح جعلی خبروں کو روکا جا سکے؟