بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کی حکومت نے ملک میں آنے والے سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک نہ پہننے پر ملک سے نکال دینگے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنکاک میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے وزیر صحت انوتن چرنویراکول کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کو دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے۔
تھائی لینڈ کی مجموعی ملکی پیداوار کا 18 فیصد حصہ سیاحت سے آتا ہے اور ان سیاحوں میں لگ بھگ ایک چوتھائی تعداد چینی باشندوں کی ہوتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تھائی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 25 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے نو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاح ماسک نہیں پہنتے اور ایسا برتاؤ کرتے ہیں جیسے ان کو کوئی پرواہ نہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس ایک کروڑ چینی سیاح تھائی لینڈ پہنچے تھے لیکن سیاحتی شعبے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ اس بار گزشتہ سال کے مقابلے میں لگ بھگ 20 لاکھ کم سیاح تھائی لینڈ آئیں گے۔
کرونا وائرس دو درجن سے زیادہ ملکوں میں پھیلا ہوا ہے جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
طبی ماہرین اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ نظام تنفس کی خرابی کے مریضوں کے لیے ماسک کا استعمال مفید ہے۔
تاہم تھائی لینڈ میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر نے چار فروری کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ جن کو نزلہ و زکام اور کھانسی والی یا سانس کی خرابی کے حوالے سے علامات نہیں ہیں ان کو ماسک پہنے کی ضرورت نہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ ہاتھ باقاعدہ دھوتے رہیے اور اپنے چہرے کو چھونے سے پرہیز کریں۔