کھانے کے بعد ٹھنڈا پانی پینے سے کینسر ہوتا ہے، خبر جھوٹی نکلی

Last Updated On 29 November,2019 06:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) فیس بک پر کچھ صارفین کی جانب سے غیر مصدقہ باتیں شیئر کی جاتی ہیں جن کی دیگر لوگ تشہیر شروع کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں سنسنی پھیل جاتی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’’اے ایف پی‘‘ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارف کی جانب سے صحت سے متعلق پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے بتانے کی کوشش کی کہ کھانے کے بعد ٹھنڈا پانی پینا دل کی بیماریوں اور کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔

صارف نے یہ پوسٹ اپریل 2013 میں کی جس کے بعدحال ہی میں یہ ایک دم یہ شیئر ہونا شروع ہوئی اور اب تک اسے 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد صارفین شیئر کرچکے۔

انہوں نے اپنی لمبی تحریر میں لکھا تھا کہ یہ بہتر ہے کہ کھانے کے بعد آپ کولڈ ڈرنک پی لیں کیونکہ تیل والی چیزیں کھانے کے بعد ٹھنڈا پانی جسم میں بہت خرابیاں پیدا کرتا ہے، ایک وقت ایسا بھی آتا ہے کہ انسان کینسر کے عارضے میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے نے معاملے کی حساسیت کو محسوس کرتے ہوئے یہ سوال طبی ماہرین کے سامنے رکھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ بالکل غلط ہے کیونکہ ابھی تک یہ بات ثابت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ایسا نقصان سامنے آیا۔

کینسر کونسل آسٹریلیا کے پروفیسر کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ کھانے کے بعد ٹھنڈا پانی پینے سے کینسر یا دل کا عارضہ لاحق ہوسکتا ہے، کوئی بھی مائع چیز ہمارے جسم کے اندرونی درجہ حرارت کو ضرور تبدیل کرتی ہے جس سے نظام ہاضمہ یا مدافعت میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔

امریکی پروفیسر کا کہنا تھا کہ یہ کوئی حتمی بات نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش کیا گیا۔