لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف پراپیگنڈے کے ایک اور منظم منصوبے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق دنیا بھر میں بھارت کے زیر انتظام 265 جعلی نیوز سائٹس پاکستان کی منفی تصویر پیش کرنے اور پاکستان کے حوالے سے رائے عامہ ، حکومتی اہلکاروں، عوامی نمائندوں اور تھنک ٹینکس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔
یورپی تھنک ٹینک یورپی یونین ڈس انفولیب نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خود کو یورپی پارلیمنٹ کا نمائندہ میگزین کہنے والی ویب سائٹ ای پی ٹوڈے ڈاٹ کام نے پاکستان میں اقلیتیوں کے متعلق بے شمار خبریں شائع کیں، یہ ویب سائٹ بھارتی سٹیک ہولڈرز کے زیر انتظام ہے۔
ویب سائٹ سری واستو نامی ایک گروپ سے منسلک تھنک ٹینکس، این جی اوز اور کمپنیوں کے ایک نیٹ ورک کا حصہ ہے جس میں معروف ناموں والی ویب سائٹ جیسا کاہ نئی دہلی ٹائمز اور تھنک ٹینک جیسا کہ انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار نان الائنڈ سٹیڈیز (ٓئی آئی این ایس) شامل ہیں۔
اس نیٹ ورک کے مختلف این جی اوز مثلاً یورپین آرگنائزیشن فار پاکستانی منارٹیز اور پاکستانی ویمن ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کیساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ویب سائٹ کے نام حقیقی اور معروف ویب سائٹس اور نشریاتی اداروں کے ناموں سے ملتے جلتے رکھے گئے ہیں، یہ مختلف معروف اور مصدقہ ایجنسیوں کی خبروں کا مواد شائع کرتی ہیں بھارت سے متعلقہ مظاہروں اور واقعات کی کنٹرولڈ کوریج کرتی ہیں۔
پاکستان مخالف مواد شائع کرتی ہیں اور بڑی مہارت کے ساتھ پاکستان کے خلاف عالمی اداروں، نمائندوں، حکومتی عہدیداروں اور عوام کی رائے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتی ہیں۔
علاوہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رد عمل میں کہا کہ اب عالمی طور پر اس معاملے کی تصدیق ہو چکی ہے، کوئی شک؟