شہنشاہ کامیڈی، تھیٹر کے بے تاج بادشاہ امان اللہ کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے

Published On 06 March,2025 01:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے شہنشاہ کامیڈی، تھیٹر کے بے تاج بادشاہ امان اللہ خان کو مداحوں سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے۔

کامیڈی کنگ نے بھارت سمیت مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے مسلسل 42 سال تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا، انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔

شوبز کی دنیا میں راج کرنے والے کنگ آف کامیڈی امان اللہ خان کی عمر قہقہے بکھیرتے گزری، اداکار امان اللہ نے کامیڈین کے طور پر پوری دنیا میں شہرت پائی، وہ مختلف لوگوں کی آوازوں کی نقالی کے بھی ماہر تھے۔

امان اللہ خان 1950ء کو لاہورمیں پیدا ہوئے، امان اللہ خان نے 1976ء میں پہلی بار سٹیج پر کام کیا اور پھر مڑ کر نہیں دیکھا، امان اللہ خان کا شمار پاکستان کے بہترین مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا تھا ان کو اعزاز حاصل رہا کہ انہوں نے لگا تار 860 دن لائیو تھیٹر پر پرفارمنس دی۔

امان اللہ خان 6 مارچ 2020ء کو اپنے مداحوں کو اداس کر گئے تھے۔