لاہور: (ویب ڈیسک) غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے اور اسلحہ کی نمائش پر پولیس نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو گرفتار کرلیا۔
اپنی شادی پر بے تحاشا پیسے خرچ کرکے لائم لائٹ میں آنے والے ٹک ٹاکر رجب بٹ کو اپنی شادی پر شیر کا بچہ گفٹ ملا تھا، رجب کو لائسنس کے بغیر غیر قانونی نومولود شیر کا بچہ گفٹ لینے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ پولیس نے ٹک ٹاکر کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، چوہنگ پولیس نے سب انسپکٹر ارسلان اعجاز کی مدعیت میں رجب علی پر پنجاب آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ٹک ٹاکر کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق رجب علی نے اپنے گھر میں ممنوعہ جانور رکھے ہوئے ہیں جو کسی قسم کا لا اینڈ آڈر کا مسئلہ بن سکتا ہے جبکہ ملزم کے پارک ویو گھر میں دوران تلاشی سلور رنگ کے ڈبے سے ایک رائفل 223 بور اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
رجب بٹ یوٹیوب، انسٹاگرام اور فیس بک پر فیملی وی لاگز، سٹنٹ اور لائف سٹائل سمیت دیگر کانٹینٹ کے لیے مشہور ہیں، گررفتاری کے وقت تک یوٹیوب پر ان کے 4.56 ملین سبسکرائبرز ہیں۔
ان کی ویڈیوز میں اکثر ذاتی لمحات، سفر، اور طرز زندگی کے دیگر عناصر شامل ہوتے ہیں، لیکن اب انہیں جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین اور ہتھیاروں کی عوامی نمائش سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کے قانونی نتائج کا سامنا ہے۔
بعدازاں یوٹیوبر رجب بٹ شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔