مالی فراڈ کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے وطن واپسی پر گرفتار

Published On 15 December,2024 12:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مالی فراڈ کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے وطن واپسی پر گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق اشتہاری ملزم محمد اسد چیک ڈس آنر اور مالی لین دین کے مقدمہ میں عرصہ 2 سال سے فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا، پنجاب پولیس نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ملزم کے کوائف درج کروائے اور ریڈ نوٹس کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب سے وطن واپسی پر اشتہاری مجرم کو سیالکوٹ ایئرٹ پورٹ پر گرفتار کیا گیا، اشتہاری محمد اسد کو پنجاب پولیس کی ٹیم نے تحویل میں لے لیا، رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 98 ہوگئی۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر آر پی او اور سی پی او فیصل آباد و پولیس ٹیم کو شاباش دی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے دیگر خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے۔