یونیسیف کی سفیر برائے اطفال صبا قمر کی جرمن قونصل خانے آمد، قونصل جنرل سے ملاقات

Published On 07 December,2024 12:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) یونیسیف کی جانب سے پاکستان کی پہلی خاتون سفیر برائے اطفال صبا قمر کی جرمن قونصل خانے آمد، قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں بچوں کے حقوق، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے حوالے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، صبا قمر نے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں، قونصل جنرل نے کہا کہ جرمنی بچوں کے حقوق کیلئے ثابت قدم ہے، پاکستان میں بھی بچوں کے حقوق کیلئے کئے جانے والے کام قابل ستائش ہیں۔

قونصل جنرل نے مزید کہا کہ گلوبل وارننگ ایک عالمی مسئلہ ہے، گلوبل واررنگ کی روک تھام کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، جرمنی یونیسیف کو فنڈز کی فراہمی کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، گزشتہ 3 سال کے دوران یونیسیف کو سب سے زیادہ فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

جرمن قونصل جنرل کی جانب سے کراچی میں شجرکاری مہم کو مؤثر بنانے کیلئے صبا قمر کو بیج بھی فراہم کئے گئے، قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور درخت لگانے کی مہم کے حوالے سے بھی معاونت فراہم کی گئی ہے۔

جرمن قونصل جنرل نے جرمنی کے قونصل خانے کی جانب سے شجر کاری اور آگاہی مہم میں حصہ لینے کی دعوت بھی دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی دعوت دیتے ہیں۔