کبریٰ خان کا گوہر رشید کیساتھ تصویر پر مداح کے تبصرے کا جواب

Published On 18 February,2023 03:07 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) معروف پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے ساتھی اداکار گوہر رشید کے ساتھ وائرل تصویر پر مداحوں کی جانب سے کئے جانے والے تبصروں کا دلچسپ جواب دے دیا۔

حال ہی میں کبریٰ خان نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں اداکارہ نے گوہر رشید کے ساتھ وائرل ایک تصویر کے حوالے سے مداحوں کے تبصروں کا جواب دیا، پروگرام کے دوران میزبان کی جانب سے اداکارہ کو ان کی گوہر رشید کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ایک تصویر دکھائی گئی اور مداحوں کی جانب سے تصویر پر کئے گئے تبصروں بارے بتایا گیا۔

تصویر پر ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ پیارا جوڑا ہے شادی کرلو، اور دوسرے مداح نے تبصرہ کیا کہ ایک لڑکا اور لڑکی کبھی دوست نہیں ہو سکتے، کچھ دن میں انکی شادی کی خبر آئے گی، رد عمل میں کبریٰ کا کہنا تھا کہ نہیں میں اس بات سے متفق نہیں ہوں کہ لڑکا اور لڑکی دوست نہیں ہو سکتے، وہ یقیناً بہت اچھے دوست ہو سکتے ہیں۔

تاہم اداکارہ نے شادی کے بارے میں کئے گئے تبصرے پر کوئی جواب نہیں دیا اور ہنستے ہوئے بات ٹال دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک مداح نے کبریٰ کو سوشل میڈیا ٹرینڈز کی بنیاد پر ’خبردار‘ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ گوہر رشید سے شادی نہ کریں‘‘ جس پر اداکارہ نے ہنستے ہوئے جواب دیا تھا کہ میں اور گوہر بہت اچھے دوست ہیں اور ایسا کچھ بھی نہیں۔