ہالی ووڈ سٹار بروس ویلیس ڈیمنشیا میں مبتلا

Published On 17 February,2023 01:02 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی مشہور سیریز ڈائی ہارڈ کے سٹار بروس ویلیس ڈیمنشیا کے مرض کا شکار ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس بروس ویلیس افیسیا میں مبتلا ہوئے تھے اداکار کی حالت میں بہتری آ رہی تھی تاہم اب وہ ڈیمنشیا کا شکار ہوگئے ہیں۔

افیسیا ایک ایسا مرض ہے جس میں مریض کو بولنے اور سمجھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے گزشتہ برس اس مرض میں مبتلا ہونے کے بعد اداکار نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

تاہم اب ڈیمنشیا کا شکار ہونے کی وجہ سے بروس ویلیس کو چیزوں کو درست طرح سمجھنے اور یاد رکھنے میں دشواری ہو رہی ہے۔

ڈائی ہارڈ سٹار کے اہلِ خانہ کے مطابق بروس کو جس بیماری کا سامنا ہے اس میں ان کے ساتھ بات چیت کافی مشکل ہے اور یہ فرنٹوٹیمپورل ڈیمنشیا مرض کی علامات میں سے ایک ہے جو تکلیف دہ ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈیمنشیا بہت سے دماغی عارضوں کا مجموعہ ہے جس میں مریض کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اور یادداشت تیزی سے متاثر ہوتی ہے، ڈیمنشیا دماغی خلیوں میں خرابی کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ بروس ویلیس نے 80 کی دہائی میں مزاحیہ ٹی وی سیریز ’مون لائٹننگ‘ سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تھا اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے سے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔

ایکشن ہیرو بروس ویلیس کو اپنی مقبول ’ڈائی ہارڈ‘ سیریز سے بےحد شہرت حاصل ہوئی، انہیں بہترین اداکاری پر گولڈن گلوب ایوارڈ سمیت دو ایمی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔