زاویار اعجاز اپنی شناخت خود بنانے کے خواہاں

Published On 17 February,2023 05:47 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار اور سینئر اداکار نعمان اعجاز کے بیٹے زاویار اعجاز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شناخت خود بنانا چاہتے ہیں۔

نوجوان اداکار نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں ان سے نعمان اعجاز کا بیٹا ہونے کے فوائد  کے بارے میں پوچھا گیا جس پر زاویار نے جواب دیا کہ سنیئر اداکار کا بیٹا ہونے پر مجھے یونیورسٹی کے دنوں میں کافی مدد ملی کیونکہ میں جن لوگوں سے ملا ان میں سے اکثر میرے والد کے مداح تھے۔

زاویار نے کہا کہ میں اس بات کا احترام کرتا ہوں کہ مجھے انڈسٹری میں آنے سے قبل ہی میرے والد کے نام کی وجہ سے بہت پیار ملا تاہم میں اپنی شناخت خود بنانا چاہتا ہوں اور یہ نہیں چاہتا کہ لوگ مجھے صرف میرے والد کی وجہ سے جانیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے ہر پروجیکٹ سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں جو مستقبل میں ان کے لئے بہت مدد گار ثابت ہوگا۔