کنگنا رناوت نے بالی ووڈ کے مسٹر پروفیکٹ کو بےچارہ کہہ دیا

Published On 12 February,2023 08:34 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی کوئن کہی جانے والی کنگنا رناوت نے اداکار عامر خان کو بے چارہ کہہ دیا۔

کنگنا رناوت کا شمار بالی ووڈ کی ان شخصیات میں ہوتا ہے جو بالی ووڈ میں اپنے بے لاگ تبصروں اور فنکاروں کے خلاف کھل کر بولنے کی وجہ سے مشہور ہیں۔

بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق عامر خان نے چند روز قبل بھارت کی معروف مصنفہ شوبھا ڈے کی سوانح عمری پر کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ شوبھا ڈے کے کردار پر فلم بنی تو اس کردار کو کون صحیح نبھائے گا، جس پر عامر خان نے پریانکا چوپڑا اور عالیہ بھٹ کا نام لیا۔

اس موقع پر مصنفہ نے کہا کہ کیا وہ اس حوالے سے کنگنا رناوت کا نام لے سکتی ہیں، جس پر عامر خان نے بھی کنگنا کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے مگر اس حوالے سے جب ویڈیو وائرل ہوئی تو کنگنا رناوت نے عامر خان کو تنقید کا نشانہ بناڈالا ۔

اپنی ٹوئٹ میں کنگنا نے کہا کہ بے چارےعامر خان نے یہ دکھانے کی پوری کوشش کی کہ وہ نہیں جانتے کہ میں واحد اداکارہ ہوں جس نے تین بار نیشنل فلم ایوارڈ جیتا ہے،عامر نے ان اعزازات میں سے کسی کا ذکر نہیں کیا۔