ماضی میں سوناکشی مجھے’انکل‘ کہہ کر مخاطب کرتی تھی: سلمان خان

Published On 12 February,2023 01:11 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپر سٹار اور دبنگ خان سلمان خان نے تصدیق کی ہے کہ ماضی میں سوناکشی سنہا انہیں ’انکل‘ کہہ کر مخاطب کیا کرتی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ ماضی میں سوناکشی انہیں انکل کہا کرتی تھیں، لیکن اب اداکارہ مجھے کچھ بھی کہہ کر مخاطب نہیں کرتیں، یعنی سوناکشی اب بنا نام لیے ہی بات کر لیتی ہے۔

دبنگ خان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کا انہیں ’انکل‘ کہنا عمر کے فرق کی وجہ سے تھا، میں ہمیشہ ہی اس چیز پر غور کرتا ہوں کہ میرے ساتھ آنے والی ہیروئن اور میری عمر میں زیادہ فرق نہ ہو، اسی وجہ سے ہی میں نے لمبے عرصے تک کرینہ کپور کے ساتھ کام نہیں کیا۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ میں نے جب پہلی بار سوناکشی سنہا کو دیکھا تو اس کی عمر 16 یا 17 برس تھی، اسی طرح میں نے کرینہ کو اس وقت دیکھا جب وہ 9 سال کی تھی، میں اس کی بڑی بہن کرشمہ کپور کے ساتھ کافی کام کر چکا ہوں۔

جب اداکار سے سوال کیا گیا کہ وہ ہم عُمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کیوں نہیں کرتے تو انہوں نے جواب دیا  فلم انڈسٹری کے لیے یہ اچھا ہے کہ نئے چہرے متعارف کرائے جائیں، اسی لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ نئی اداکاراؤں کو موقع دوں ۔

خیال رہے کہ سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی فلم دبنگ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس کا سیکوئل دبنگ 2 ، 2012 میں ریلیز کیا گیا۔