ژالے سرحدی کا سلمیٰ آغا کی بھتیجی ہونے کا انکشاف

Published On 11 February,2023 03:08 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ژالے سرحدی نے انکشاف نے کیا ہے کہ ماضی کی معروف اداکارہ سلمیٰ آغا رشتے میں ان کی پھپھو لگتی ہیں۔

سلمیٰ آغا ایک برطانوی گلوکارہ اور اداکارہ ہیں جنہوں نے 1980 اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں پاکستانی اور ہندوستانی فلموں میں کام کیا، وہ کراچی میں پیدا ہوئیں اور لندن میں پرورش پائی۔

ژالے سرحدی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان کی جانب سے اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ اپنے خاندان کی مرضی کے بغیر شوبز انڈسٹری میں آئی ہیں ؟، جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ میں اپنے خاندان کی رضامندی کے بغیر کیسے آ سکتی ہوں؟ میرے خاندان کے بہت سے لوگ ہیں جو شوبز انڈسٹری میں پہلے سے تھے، یہاں تک کہ سلمیٰ آغا میری پھوپو ہیں، آج میں نے اس راز سے پردہ اٹھایا ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ انڈسٹری میں آئیں تو ان کے کندھوں پر ان کے ماموں خیام سرحدی کی وجہ سے بہت سی ذمہ داریاں تھیں جو ایک بہترین اداکار تھے۔

خیال رہے کہ ژالے سرحدی ایک خوبصورت پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ہیں جنہوں نے فیصل قریشی کے ساتھ اپنے ہٹ سیریل رنگ لگا کے ذریعے شہرت حاصل کی، اداکارہ کے ماموں خیام سرحدی اور خالہ صائقہ خیام کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے تھا۔