انجلینا جولی اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب کے عہدے سے مستعفی

Published On 17 December,2022 02:26 pm

نیویارک :(دنیانیوز) ہالی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے لیے خصوصی مندوب کے طور پر اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی طرف سے جاری بیان میں انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے کے 20 سال کے بعد میں محسوس کرتی ہوں کہ دوسروں کے ساتھ کام کرنے اور پناہ گزینوں اور مقامی تنظیموں کے ساتھ براہ راست شامل ہونے کا وقت آ گیا ہے، وہ آنے والے سالوں میں پناہ گزینوں اور دیگر بے گھر لوگوں کی مدد کے لیے جو کچھ کر سکتی ہیں وہ کرتی رہیں گی۔

20 برس سے زائد وقفوں کے دوران کام کرنے کے بعد وہ اب مختلف جماعتوں کے ساتھ کام کرنے اور وسیع تر انسانی مسائل پر کام کرنے کی خواہاں ہیں۔

اس حوالے سے یو این ایچ سی آر کے صدر فلیپو گرانڈی نے کہا کہ انجلینا جولی طویل عرصے سے انسانی ہمدردی کے مسائل پر یو این ایچ سی آر کی ایک شاندار پارٹنر رہی ہیں، ہمارے ساتھ دہائیوں تک ان کی وابستگی اور پناہ گزینوں اور مجبوروں کے لیے انتھک محنت پر ان کے مشکور ہیں۔

حال ہی میں انجلینا جولی نے یو این ایچ سی آر کے ساتھ یمن اور برکینا فاسو کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد دنیا کی دو سب سے کم فنڈ اور خفیہ ہنگامی صورتحال سے متاثر بے گھر لوگوں سے ملاقات کرنا تھا۔

ہالی وڈ اداکارہ نے 2001 میں یو این ایچ سی آر کے ساتھ کام کرنا شروع کیا اور 2012 میں انجلینا کو اس کی خیر سگالی مندوب کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔