عالمی ایوارڈ یافتہ فلم 'جوائے لینڈ' کی پاکستان میں ریلیز پر پابندی لگا دی گئی

Published On 14 November,2022 12:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی وزارت اطلاعات ونشریات نے متعدد شکایات موصول ہونے پر عالمی ایوارڈ یافتہ فلم جوائے لینڈ کی ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش پر پابندی عائد کردی۔

فلم کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے فلم پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا فلم میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے اور ایسی فلموں کے ذریعے پاکستان کے معاشرتی اقدار پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
 پی ڈی ایم حکومت کاہم جنس پرستی کےابلاغ پرمبنی فرانسسی ایوارڈیافتہ فلم جوائےلینڈکی پاکستان میں نمائش کی اجازت کی مذمت کرتاہوں،اس فلم کی نمائش روکنے،عوام کوآگاہ کرنےکے لیےہرجائز/قانونی ذرائع کرینگے۔یہ فلم اسلام،ہمارےملک کےمعاشرتی اقدارکےخلاف اعلان جنگ ہے۔#Joyland #queer pic.twitter.com/cMo1Qv8mxQ
— Senator Mushtaq Ahmad Khan (@SenatorMushtaq) November 3, 2022

فلم کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جوکہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں، فلم کو کانز فلم فیسٹیول میں "کانز کوئیر پام" ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

عالمی ایوارڈ جیتنے والی پاکستانی فلم جوائے لینڈ کے حوالے سے ٹوئٹر پر دو ٹرینڈز سامنے آرہے ہیں گزشتہ روز بین جوائے نے ٹرینڈ کیا تو آج ریلیز جوائے لینڈ اور ماریہ بی کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔

تاہم متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد وزارت اطلاعات ونشریات نے فلم جوائے لینڈ کی ملک بھر کے سنیما میں نمائش پر پابندی عائد کرتے ہوئے فلم کو جاری کردہ سنسربورڈ کا سرٹیفیکیٹ منسوخ کردیا ہے۔

 

صائم صادق کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثناء جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں جو فلم کی پاکستان میں ریلیز کا مطالبہ کر رہے ہیں، پاکستان میں جوائے لینڈ کو رواں ماہ 18 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا۔