مستقبل میں مزید بالی ووڈ فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں: اداکارہ صبا قمر

Published On 11 March,2022 07:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ مثبت سوچ کی مالک ہوں، اللہ نے چاہا تو مستقبل میں مزید بالی ووڈ فلموں میں کام کروں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اداکارہ نے انٹرویو میں بالی وڈ میں کام کرنے کے تجربات اور پاک بھارت کی فلموں اور ڈراموں کے مواد میں فرق کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی پہلی فلم میں عرفان خان کے ساتھ کام کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں، ہندی میڈیم کے بعد جب اداکارہ ودیا بالن نے تعریف کی تو اس وقت لگا جیسے میں چاند پر ہوں۔ جب مجھے فلم فیئر ایوارڈز میں ودیا بالن، سری دیوی، کنگنا رناوت اور عالیہ بھٹ کے ساتھ بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تو میری خوشی دیدنی تھی۔

انہوں نے بالی وڈ میں مزید کام کرنے سے متعلق کہا کہ مثبت سوچ کی مالک ہوں اور اچھے کی امید کررہی ہوں، اگر خدا نے چاہا تو مستقبل میں مزید فلمیں کروں گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف قسم کا مواد تیار کیا جاتا ہے، پاکستان میں پابندیاں عائد ہیں اسی لیے وہاں بولڈ سین بھی نہیں کیے جاسکتے لیکن پاکستان میں اب بولڈ موضوعات پر بات کی جانے لگی ہے جس سے لوگ سیکھ رہے ہیں۔