بھارت میں ایک مرتبہ پھر نفرت جیت گئی،مسلمان فنکار کامیڈی سے دستبردار

Published On 29 November,2021 07:12 pm

بنگلور:(ویب ڈیسک)مودی سرکار کےانتہا پسندوں کی نفرت ایک مرتبہ پھر جیت گئی اور مسلمان فنکار منور فاروقی نے دلبرداشتہ ہوکر سٹینڈ اپ کامیڈی سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

بھارت ایسا ملک ہے جہاں پر مسلمان آج بھی ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں اور اسی چیز کو جاری رکھتے ہوئے انتہا پسندوں نے معروف مسلمان کامیڈین منور فاروقی کو سٹینڈ اپ کامیڈی چھوڑنے پر مجبورکردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈین کا بنگلور میں ہونے والا شو پولیس کی جانب سے منسوخ کرا دیا گیا جبکہ یہ منور فاروقی کا 12واں شو تھا جو دھمکیوں کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔

شو کی منسوخی کے بعد مسلمان کامیڈین منور فاروقی دلبرداشتہ ہوگئے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کامیڈی سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ نفرت جیت گئی اور فنکار ہار گیا۔ میں یہ ختم کر رہا ہوں، الوداع!۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے ایک مذاق کے لیے جیل میں ڈال دیا گیا لیکن میں نے اپنے شو کو کبھی منسوخ نہیں کیا، میرا خیال ہے کہ یہ اختتام ہے۔ میرا نام منور فاروقی ہے اور میں یہ ختم کر رہا ہوں، آپ لوگ بہت اچھے سامعین تھے، الوداع۔

منور فاروقی کی جانب سے کامیڈی سے دستبرداری کا اعلان کرنا ہی تھا کہ سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں کی بھرمار ہوگئی اور ہر کوئی مسلمان فنکار کی حمایت کرتا دکھائی دیا۔