کراچی: (دنیا نیوز) بھارت کی جارحیت کا جذبہ خیرسگالی سے جواب، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث بھارت میں میڈیکل کا شعبہ بحران کا سامنا کررہا ہے، تشویشناک صورتحال دیکھ کر فیصل ایدھی نے بھارت میں کورونا مریضوں کیلئے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جو اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے حوالے کر دیا گیا۔
خط میں بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور اموات پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے، فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ان مشکل حالات میں بھارتی عوام کی مدد کیلئے تیار ہیں،ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن، ڈرائیور،آفس اور سپورٹنگ اسٹاف معاونت کرینگے۔بھارتی حکومت کی تجاویز کے مطابق ایدھی ٹیم کسی بھی حساس علاقے میں کام کرسکتی ہے۔