اداکارہ میرا کا ’میرا جی‘ برانڈ لانچ کرنے کا اعلان

Published On 16 April,2021 05:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مِیرا نے کاروباری دنیا میں قدم رکھ دیا، جلد لپ سٹک اور کپڑوں کا برانڈ لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اداکارہ کاکہنا ہے کہ میں نے امریکا میں انٹرویوز دیے ہیں اور اپنا برانڈ لانچ کرنے جارہی ہوں کیونکہ میں پاگل نہیں ہوں، اس وقت امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں موجود ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ریحان صدیقی کی دعوت پر ہیوسٹن آئی ہیں اور پاکستان قونصل خانہ نے بھی انہیں مدعو کیا ہے، وہ اور ریحان صدیقی مستقبل قریب میں بہت سے پروجیکٹس میں ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

اداکارہ نے ساتھ ہی یہ خوشخبری بھی سنائی کہ وہ ’میرا جی‘ برانڈ بھی لانچ کرنے جارہی ہیں جس کے لیے ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل جلد بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہیوسٹن کے لوگ بہت اچھے اور پُرامن ہیں، میں اور ریحان امریکا میں جلد ایک مختصر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ ریحان صدیقی کے ہمراہ اپنا برانڈ جلد لانچ کردیں گی اور سماجی بہبود اور امن کیلئے کام کریں گی۔