سرکار دو عالم ﷺ سے اظہارِ محبت کیلئے فن خطاطی کے دلکش نمونوں کی نمائش

Published On 04 November,2020 09:41 am

لاہور: (دنیا نیوز) فرانس کی گستاخانہ حرکت نے حساس دلوں پر گہرا گھاؤ دیا،مصوروں نے سرکار دو عالم ﷺ سے اپنے انداز میں محبت کا اظہار کیا۔ کیلی گرافی مصوروں نے " نام محمد " خوبصورت انداز میں لکھ کر نمائش میں پیش کر دیئے۔

آقائے دو جہاں ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار، "دہر میں اسم محمد ؐ سے اجالا کردے" کے عنوان سے الحمراء آرٹس کونسل کی گیلری میں کیلی گرافی کی خصوصی نمائش سجی۔

فن خطاطی کے ذریعے رنگوں کی زبانی دلفریب انداز میں نام محمد صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم پینٹ کیا گیا جسے خوب سراہا گیا۔ "مرحبا سرکار آ گئے" الحمراء آرٹس کونسل کی خصوصی کاوش پر قوالی پیش کی گئی جس نے سماں باندھ دیا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ آج کی نمائش مصوروں کی سردار انبیاﷺسے محبت کا ثبوت ہے۔ فن کاروں کا ماننا ہے کہ ہمارے برش کا محور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نام ہے، ایسی نمائشوں کے انعقاد سے دلی سکون ملتا ہے۔