گلوکارہ کیٹی پیری ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پرفارم کریں گی

Last Updated On 13 November,2019 07:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا آغاز آئندہ برس فروری میں ہونا ہے، دنیا بھر میں شائقین کی بڑی تعداد ٹکٹ خریدنے میں مصروف ہو گئی جس کی سب سے بڑی وجہ ہالی ووڈ گلوکارہ کیٹی پیری ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 8 مارچ کو ویمن ٹی ٹونٹی کے فائنل کے موقع پر عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے آئی سی سی کی طرف سے شوبز شخصیات کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ ان ہی مذاکرات کے تحت انکشاف ہوا ہے کہ کپ کے فائنل کے موقع پر امریکی گلوکارہ کیٹی پیری بھی شاندار پرفارمنس کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق 35 سالہ کیٹی پیری 8 مارچ کو ویمن ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے دوران 2 بار پرفارمنس کریں گی۔گلوکارہ فائنل میچ شروع ہونے سے قبل اور فائنل کے اختتام کے بعد بھی پرفارمنس کریں گی اور انتطامیہ پر امید ہے کہ اس دن نیا عالمی ریکارڈ بنایا جا سکے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق کرکٹ کونسل، آسٹریلوی حکام اور گلوکارہ چاہتی ہیں کہ ویمن ٹی ٹونٹی کے فائنل کے موقع پر زیادہ سے زیادہ شائقین کھیل دیکھنے پہنچیں۔

واضح رہے کہ اب تک خواتین کے کسی بھی کھیل کے فائنل کو زیادہ سے زیادہ شائقین کے دیکھنے کا اعزاز فٹ بال کے 1999 میں ہونے والے عالمی کپ کے فائنل کے پاس ہے۔

فیفا ورلڈ کپ ویمن کے 1999 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پاساڈینا میں ہونے والے فائنل کو 91 ہزار 185 افراد نے دیکھ کر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیٹی پیری نے بھی امید کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پر امید ہیں۔اطلاعات ہیں کہ کیٹی پیری آئندہ ہفتے تک پہلی بار بھارت کے دورے پر آئیں گے۔

یاد رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کرکٹ کپ یوں تو آئندہ برس فروری میں شروع ہوگا، تاہم شائقین ابھی سے ہی اس کے ٹکٹ خریدنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ ورلڈکپ اس بار آسٹریلیا میں 21 فروری کو شروع ہوگا جو 8 مارچ تک جاری رہے گا۔

کرکٹ کپ کا فائنل خواتین کے عالمی دن کے موقع پر 8 مارچ کو میلبرن کے تاریخی سٹیڈیم میں ہوگا جہاں عالمی ریکارڈ بنائے جانے کا امکان ہے۔

کرکٹ کپ کے فائنل میں اس بار زیادہ سے زیادہ شائقین کو میچ دیکھنے کے لیے آنے کی دعوت دی جا رہی تاکہ فائنل اور خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا جائے۔

اطلاعات ہیں کہ کیٹی پیری رواں ہفتے یا آئندہ ہفتے تک پہلی بار ممبئی پہنچیں گی، جہاں وہ ایک میوزک کنسرٹ میں پرفارمنس کریں گی۔ فلم ساز کرن جوہر ان کی میزبانی کریں گے، علاوہ ازیں متعدد بولی وڈ شخصیات گلوکارہ سے ملاقات کریں گی۔