اداکارہ عائشہ عمر صحافی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار

Last Updated On 11 November,2019 09:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں فلم انڈسٹری کی اداکارہ عائشہ عمر حالیہ عرصے کے دوران متعدد فلموں میں زبردست کردار ادا کرتے ہوئے اپنے نام خوب بنائے ہوئے ہیں، کراچی سے لاہور، لو میں گم، میں ہوں شاہد آفریدی، یلغار، سات دن محبت ان سمیت متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں، انہوں نے ایک آئٹم سونگ بھی کیا جسے بہت سراہا گیا، ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ میری سب سے اچھی فلم ابھی بھی نہیں بنی۔

اب خبریں آئی ہیں کہ اداکارہ عائشہ عمر جلد ہی صوبے بلوچستان کے حالات پر بننے والی فلم میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ اداکارہ نے تصدیق بھی کردی کہ جلد ہی بلوچستان کے معاملے پر بننے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہو جائیں گی۔

اداکارہ نے تصدیق کی کہ پروڈیوسر عرفان اشرف کی آنے والی فلم ’اڑھائی چال‘ کا حصہ ہوں گی۔ ’اڑھائی چال‘ میں صحافی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو بلوچستان میں بیرونی قوتوں کی مداخلت کو بے نقاب کرتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے فلم کے کردار پر مزید بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو فلم کی کہانی اچھی لگے گی، فلم میں بلوچستان میں بیرونی قوتوں کی مداخلت کی وجہسے وہاں پیدا ہونے والے کشیدہ اور شورش زدہ حالات کو دکھایا جائے گا۔

عائشہ عمر نے فلم پروڈیوسر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عرفان اشرف چونکہ بلوچستان میں رہے ہیں اور وہیں تعلیم حاصل کی، اس لیے بلوچستان کے حالات سے باخبر ہیں اور وہاں کی نوجوان نسل میں پائی جانے والی مایوسی کا بھی ادراک ہے۔ فلم میں ان کے ساتھ جہاں شمعون عباسی ایکشن میں دکھائی دیں گے، وہیں فلم کی کاسٹ میں دیگر معروف اداکار اور یونیورسٹی کے نوجوان طلبہ بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میری سب سے اچھی فلم ابھی بنی نہیں: عائشہ عمر

فلم اڑھائی چال کے حوالے سے شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ فلم میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے کارندے کے طور پر دکھائی دیں گے۔ فلم میں بلوچستان سے گرفتار ہونے والے ’را‘ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ شمعون عباسی فلم ’’وار‘‘میں بھی منفی کردار ادا کر چکے ہیں۔

اداکار شمعون عباسی نے بھی فلم کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ فلم کی کہانی شائقین کو اچھی لگے گی اور پہلی بار شائقین کو ایک منفرد کہانی پر مبنی فلم دیکھنے کو ملے گی۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں عدنان شاہ ٹپو، رشید ناز، سلیم معراج، ہمایوں اشرف، پاکیزہ خان اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم جلد فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔