بھارتی میڈیا، بی جے پی کی پراپیگنڈا مشین ہے: نندیتا داس

Last Updated On 07 March,2019 12:57 pm

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی میڈیا کے زہر اگلتے پروپیگنڈا کو جہاں بین الاقوامی سطح پر جھوٹا قرار دیا گیا وہیں پاکستان میں دھوکہ دہی پر مبنی بھارتی حملے سے متعلق حقائق سامنے آنے پر بھارت میں بھی اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکارہ نندیتا داس نے بھارتی میڈیا کو بی جے پی کی پروپیگنڈا مشین قرار دے دیا ہے۔ نندیتاداس نے سوشل میڈیا پر بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے ثابت کردیا کہ وہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی پراپیگنڈا مشین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے بجائے منفی پر اپیگنڈا سے عوام کو جنگ پر اکساتا رہا۔ واضح رہے کہ پاکستان پر حملے کی بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں پر پہلے تو بھارتی عوام مودی حکومت اور فوج کی تعریفیں کرتے نہیں تھک رہے تھے تاہم جونہی پاکستانی میڈیا حقائق اور بالا کوٹ کی تصاویر سامنے لایا تو بھارتی عوام کو سانپ سونگھ گیا، بعدازاں حقیقت پسند شخصیات نے بھارتی میڈیا کے بھی خوب لتے لئے۔