عالیہ بھٹ فلم کی شوٹنگ کے دوران توازن کھو جانے پر زخمی

Last Updated On 26 November,2018 09:56 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو فلم شوٹنگ کے دوران سٹنٹ فلمانا مہنگا پڑ گیا۔ فلم ’’برہما سترا‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن منظر کی عکسبندی کراتے ہوئے زخمی ہو گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ رسی پر چڑھ کر ایک ایکشن سین شوٹ کروا رہی تھیں کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور نیچے آ گریں جس سے ان کے گھٹنے پر چوٹ آئی۔ واضح رہے اداکارہ مذکورہ فلم کی عکس بندی کراتے ہوئے دوسری مرتبہ زخمی ہوئی ہیں۔

اس سے قبل وہ بلغاریہ میں زخمی ہوئی تھیں جس پر ڈاکٹر نے انھیں شوٹنگ کینسل کرانے کا مشورہ دیا تھا تاہم انھوں نے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرنے سے انکار کر دیا۔ عالیہ نے اس مرتبہ بھی شوٹنگ جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس فلم میں امیتابھ بچن کے علاوہ رنبر کپور بھی کردار نبھا رہے ہیں۔

عالیہ بھٹ بالی وڈ فلم ’برہما سترا‘ میں پہلی مرتبہ رنبیر کپور کے ساتھ جلوہ گر ہو رہی ہیں، جن کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات اکثر خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔