کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شارٹ ٹرم اغواء کی وارداتوں میں ملوث جعلی پولیس افسر و اہلکار گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس نے گلشن اقبال بلاک 4 میں کارروائی کر کے شارٹ ٹرم اغواء کی وارداتوں میں ملوث جعلی پولیس افسر و اہلکار کو گرفتار کیا، ملزمان میں بلاول خلجی اور وقاص شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے جعلی بلٹ پروف جیکٹ، موبائل فون اور ہتھکڑیاں بھی برآمد کر لی گئیں، ملزمان سول ایوی ایشن ملازم، پولیس اہلکار اور صحافی کو اغواء کر چکے ہیں، ملزمان غیر اخلاقی ویب سائٹ پر دوستی کر کے شارٹ ٹرم اغواء کی وارداتیں کرتے تھے، گرفتار ملزمان کے موبائل فون سے مغویوں کی متعدد ہتھکڑی لگی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مغویوں کو کئی گھنٹے کار میں گھما کر اے ٹی ایم کارڈ بھی خالی کر دیئے جاتے تھے، ملزمان کے قبضے سے 2 پستول 20 بیگ پولیس یونیفارم اور درجنوں بیجز، متعدد گھڑیاں اور جدید ترین بڑی ایل سی ڈی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کے سرغنہ بلاول خلجی کا تعلق رحیم یار خان سے ہے جبکہ ملزم بلاول کراچی میں گلشن کا رہائشی ہے، ملزم بلاول خلجی کے خلاف رحیم یار خان اور کراچی میں 5 مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔