سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم کروشیا سے گرفتار

Published On 18 February,2025 09:34 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل نے بھتہ خوری، راہزنی سمیت درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم کو کروشیا سے گرفتار کر لیا۔

حکومت پنجاب نے اشتہاری افتخار احمد کے سر کی قیمت ( ہیڈ منی) 5 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کی ٹیم انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں اشتہاری کو لے کر کروشیا سے پاکستان پہنچی، اشتہاری افتخار احمد عرصہ 17 سال سے سیالکوٹ پولیس کو بھتہ خوری اور راہزنی سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری افتخار احمد کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، کروشیا پولیس حکام نے ملزم کو پنجاب پولیس ٹیم کے حوالے کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 08 ہوگئی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریکارڈ یافتہ بھتہ خور کی گرفتاری پر آر پی او، سی پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او سیالکوٹ کو شاباش دی۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کی مدد سے بیرون ممالک مفرور دیگر اشتہاری مجرمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائیں۔