لاہور:(دنیا نیوز) ہربنس پورہ کے علاقے میں گارڈ کی فائرنگ سے شیر کی ہلاکت کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ تھانہ ہربنس پورہ میں محکمہ وائلڈ لائف کی مدعیت میں گارڈ محمد شہباز کے خلاف درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں درج کیا گیا کہ شیر فارم سے فرار ہو کر آبادی میں چلا گیا تھا، گارڈ نے فائرنگ کر کے شیر کو ہلاک کر دیا۔
قبل ازیں شیر ڈیرے سے باہر نکلا اور دھاڑیں مارتا ہوا بھاگتا رہا جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، شہریوں نے ون فائیو پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی لیکن اس سے قبل ہی گارڈ نے گولیاں مار کر شیر کو ہلاک کر دیا ۔
خیال رہے اطلاع ملنے پر پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں ، شیرہربنس پورہ کے رہائشی علی عدنان نامی شہری نے اپنے ڈیرے پر رکھا ہوا تھا۔