لاہور: (دنیا نیوز) طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کا معاملے کی تفتیش کے حوالے سےجے آئی ٹی کا متفقہ فیصلہ سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ نامزد ملزم قیصر بٹ 36 گھنٹوں میں شامل تفتیش نہ ہوا تو گرفتار کر کے تفتیش کی جائے گی۔
پولیس نے جاوید بٹ قتل کی تفتیش کے لئے ماہر افسران پر مشتمل "پینل آف آفیسرز" قائم کر رکھا ہے، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان اصغر کے حکم پر پولیس نے "پینل آف آفیسرز" بنایا تھا۔
پینل میں دو ایس پیز اور دو ڈی ایس پیز شامل ہیں، ایس پی رانا زاہد اور ایس پی شہزاد رفیق اعوان پینل آف آفیسرز کو لیڈ کر رہے ہیں، ڈی ایس پی افتخار رسول باجوہ اور اعجازاحمد ڈھلوں بھی پینل کا حصہ ہیں، چاروں افسران کیس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق قیصر بٹ نے جاوید بٹ قتل کیس میں عبوری ضمانت کروا رکھی ہے، 28 اکتوبر کو قیصر بٹ نے دوبارہ عدالت پیش ہونا ہے۔
جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کا کہنا ہے کہ 12 روز گزرنے کے باوجود قیصر بٹ شامل تفتیش نہیں ہوا، 36 گھنٹوں میں قیصر بٹ شامل تفتیش نہ ہوا تو ضمانت کینسل کروا کر باقاعدہ گرفتار کر کے ملزم سے جاوید بٹ قتل کی تفتیش کی جائے گی۔