کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں باپ نے بیٹے کو چھری کے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے الفلاح میں گھریلو جھگڑے پر باپ نے طیش میں آ کر اپنے بیٹے پر چھری سے حملہ کر دیا، چھری کے پے در پے وار سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا اور زیادہ خون بہنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بیٹے کے قاتل باپ کو حراست میں لے لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول کی شناخت شاہ حسن کے نام سے ہوئی، عمر 20 سے 25 کے درمیان بتائی گئی ہے، پولیس نے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کارساز کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، متاثرہ اہلکار شہید ایس پی چودھری اسلم کی فیملی کی سکیورٹی پر مامور تھا، مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی۔