چنیوٹ: ڈاکوؤں نے متعدد شہریوں کو لوٹ لیا، بصیرپور میں فائرنگ سے شہری زخمی

Published On 12 June,2024 06:05 am

چنیوٹ: (دنیا نیوز) عید قریب آتے ہی ڈکیتیوں کی وارداتیں بڑھ گئیں، چنیوٹ میں ڈاکوؤں نے تین مختلف مقامات پر شہریوں کو لوٹ لیا، بصیر پور میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے محلہ غفور آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے تین مختلف جگہوں پر شہریوں کو اسلحے کے زور پر روکا اور نقدی، موبائل اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا، واردات کے بعد ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، متاثرہ افراد کی درخواست پر پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔

دوسری جانب بصیر پور کے علاقے منڈی احمد آباد میں ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے، اس دوران موٹرسائیکل سوار کے نہ رکنے پر ملزموں نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے احمد نواز نامی شخص شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔