ملتان:(دنیا نیوز) نشتر ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے ایک اور معصوم کی جان لے لی۔
ذرائع کے مطابق نشتر برن یونٹ کے ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے باعث 5 سالہ ارحم جان کی بازی ہار گیا، ارحم کو کھیلتے ہوئے ہاتھ پر کوئلہ لگ گیا جس کی وجہ سے اسکا بازو جھلس گیا تھا، بچے کو نشتر برن یونٹ علاج کیلئے لایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے بازو کے بجائے ٹانگ کی سرجری کردی۔
ورثا کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرجری کے بعد بچے کی حالت بگڑنے لگی تاہم ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے توجہ نہ دی، علاج نہ ہونے کی وجہ سے بچہ ساری رات درد سے تڑپتا رہا اور اگلی صبح جان کی بازی ہار گیا۔
لواحقین نے مزید کہا کہ جب بچے کو غسل دینے لگے تو ٹانگوں پر سرجری کے نشان تھے جبکہ زخم صرف بازو پر تھا، دوسری جانب بچے کے والدین کی جانب سے ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ میں ایف آئی آر بھی درج کرادی گئی۔
لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر صحت پنجاب سے واقعہ کا نوٹس لیکر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔