کراچی اور اوباڑو میں مبینہ مقابلے، ڈاکو ہلاک، 2 زخمیوں سمیت 4 ملزم گرفتار

Published On 09 June,2024 06:40 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور اوباڑو میں مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمیوں سمیت 4 ملزم گرفتار کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اوباڑو میں واقع کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے دو گروپوں میں لڑائی ہوئی، اس دوران جدید اسلحے کا کھل کر استعمال کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو یاسین شر موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ ساتھی شدید زخمی ہوا جس کی شناخت مجید شر کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کے گروہ خطرناک ہیں، ڈاکوؤں میں لڑائی دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ناظم آباد میں کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے ساتھی سمیت حراست میں لے لیا گیا، ملزموں کی شناخت رضوان شاہ اور انور زمان کے ناموں سے ہوئی، پولیس نے تھانے منتقل کر دیا۔

ادھر کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس نے پٹرولنگ کے دوران کارروائی کر کے جرائم کی وارداتوں اور منشیات فروشی میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا، ملزم کیخلاف منشیات، ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کے متعدد مقدمات درج ہیں، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔