مریدکے میں اہلکاروں کا محنت کش، شجاع آباد میں زمیندار کا شہری پر تشدد

Published On 09 June,2024 05:54 am

مریدکے: (دنیا نیوز) مریدکے میں پولیس اہلکاروں نے محنت کش پر نجی ٹارچر سیل جبکہ شجاع آباد میں بااثر زمیندار نے کارندوں کے ہمراہ شہری کو تشدد کو نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق مریدکے کے علاقے منوں آباد کی لیبر کالونی میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 پولیس اہلکاروں نے محنت کش کے گھر دھاوا بولا اور اسے اٹھا کر نجی ٹارچر سیل لے گئے، محنت کش کو کافی دیر تک حبس بے جا میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

متاثرہ شخص نے ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں درخواست دے دی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حوالدار نے رضا کاروں کے ہمراہ گھر پر چھاپہ مارا اور ساتھ لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا، محنت کش نے والد سے 20 ہزار روپے لے کر رہا کرنے کا الزام بھی لگایا۔

دوسری جانب شجاع آباد کے نواحی علاقے کرمووالی میں زمین کے تنازع پر بااثر شخص نے اپنے 17 کے قریب کارندوں کے ساتھ 50 سالہ شخص اور اس کے اہل خانہ پر تشدد کیا، ملزموں نے منہ کالا کر کے سر کے بال بھی کاٹ دیئے، واقعے کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔