پنجاب لائیو سٹاک کارڈ اور پہلی ’’فارمر رہنمائی ایپ‘‘ کا اجرا

Published On 08 June,2024 02:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی تاریخ کا پہلا پنجاب لائیو سٹاک کارڈ اور پہلی "فارمر رہنمائی ایپ" کا اجرا کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت لائیو سٹاک سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب لائیو سٹاک کارڈ پراجیکٹ سمیت اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ مویشی فیڈ کے لئے اڑھائی لاکھ بلاسود قرض ملے گا، انہوں نے لائیوسٹاک فارمر کے لئے قرضے کے حصول کے مراحل آسان بنانے سمیت جنوبی پنجاب میں فارمرز کو ڈیری فارمنگ کے لئے سکیم تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے کے لائیو سٹاک فارمرز کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں مقیم مرد اور خواتین کو ڈیری فارمنگ کیلئے آسان اقساط پر قرضہ فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا، پنجاب بھر میں 40 ہزار فارمرز کوپنجاب لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے قرضے دیئے جائیں گے۔

دوران بریفنگ کہا گیا کہ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم سے چار لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کے لئے میسر ہونگے، فارمرز کو جانوروں کی فری ڈیگنگ، فری انفیمی نیشن سروسز، ونڈا اور سائلج کی کوالٹی کی ٹیسٹنگ سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب لائیو سٹاک فارم کے ذریعے فارمرز کو ونڈا، سائلج اور منرل مکسچر کے لئے 2 لاکھ 70 ہزار روپے کا آسان قرضہ دیا جائے گا، پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے فارمر 30 دن میں قرضہ ادا کر سکے گا، پنجاب میں اینیمل آئیڈینٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم سے مویشی کی دیکھ بھال میں آسانی ہوگی۔