فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں شوہر کی جانب سے اپنی 2 بیویوں اور 4 بچوں کو قتل کرنے کی وجوہات سامنے آ گئی ہیں۔
فیصل آباد کے علاقے گلشن مدینہ فیز ٹو کا رہائشی کاظم جواد سوتر منڈی میں کپڑے کا کاروبار کرتا تھا اور کاروبار میں خسارے سے پریشان تھا، قاتل نے دوسری شادی پہلی بیوی اور بچوں سے خفیہ رکھی تھی، ڈیڑھ سال قبل دوسری شادی کا پہلی بیوی کو بتایا۔
پولیس ذرائع کا کہنا کہ کاظم جواد نے اپنی دوسری بیوی کو قتل والے دن لاہور سے فیصل آباد بلایا اور دونوں بیویوں، بچوں کو قتل کرنے سے پہلے والدہ اور اپنے بھائی کو بہن طرف بھجوایا، گھریلو ملازمہ کو بھی کاظم کی جانب سے اپنے گاؤں بھجوا دیا گیا تھا۔
مزید انکشاف سامنے آیا ہے کہ کاظم نے اپنی دو بیویوں اور چار بچوں کو قتل کرنے سے پہلے نیند کی گولیاں دیں اور بعد میں بیویوں اور بچوں کے سر میں گولیاں مار دیں، کاظم نے سب کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہری نے دو بیویوں اور 4 بچوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا، فائرنگ کے بعد ملزم کاظم نے خود کو بھی گولی مار لی، مرنے والی خواتین میں امبرین اور فضا جبکہ بچوں میں یمنہ، عروج، روما اور موسیٰ شامل ہیں۔