لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بار کونسل نے پارکس میں جوڑوں کی ویڈیوز بنانے اور وائرل کرنے والے وکیل کا لائسنس معطل کردیا۔
وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل نے وکیل کو ذاتی حیثیت میں وضاحت کے لئے طلب کرلیا، پنجاب بار کونسل کے مطابق ایڈووکیٹ آفتاب رئیس پارکس میں جوڑوں کی ویڈیوز بناتا اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا ہے۔
پنجاب بار کونسل نے مزید بتایا کہ آفتاب رئیس انہیں زبردستی شادی کرنے کے لئے مجبور کرتا ہے، وکیل آفتاب رئیس کا یہ عمل مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے، آفتاب رئیس 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دیں۔
پنجاب بار کونسل نے مزید کہا کہ اگر آفتاب رئیس پنجاب بار کونسل کو مطمئن نہ کر سکا تو اس کا لائسنس مستقل معطل کردیا جائے گا۔