عید پر بھی پولیس، رینجررز کا کچے میں آپریشن ، 6 مشتبہ افراد گرفتار، 5 مغوی بازیاب

Published On 10 April,2024 11:17 pm

کندھ کوٹ :(ویب ڈیسک )ملک میں لوگ عید کی خوشیاں منارہے جبکہ کندھ کوٹ کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں، آپریشن میں 6مشتبہ افراد گرفتار کرلئے۔

ذرائع کے مطابق عید کے روز بھی پولیس اور رینجررز نے دوران آپریشن ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانے نذر آتش کرکے چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ پانچ مغوی بازیاب بھی کروالیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوگ عید کی خوشیاں منائیں، پولیس امن بحال کرنے کے لیے ڈاکوؤں کے خاتمے میں مصروف ہیں، ڈاکوؤں کے خاتمے تک آپریشن کو کسی صورت روکا نہیں جائے گا، خطے میں امن کا قیام پہلی ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ تین روز میں آپریشن میں 6 ڈاکو زخمی ہوگئے ہیں،گزشتہ روز بھی مشترکہ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے اور ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے نذر آتش کئے گئے۔