کراچی: واردات کے دوران مقابلہ، ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار، لاڑکانہ میں ملزم شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا

Published On 08 April,2024 02:43 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران گھر میں گھس کر لوٹ مار کرنے والا ڈاکو ہلاک جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، لاڑکانہ میں ڈاکو شہریوں کے ہاتھ لگ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار کی حدود میں واقع بنگلے میں 3 مسلح ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، لوٹ مار کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بنگلے کو گھیرے میں لے لیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے ایک ڈاکو موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 2 کو شدید زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا ہے، ہلاک و گرفتار ملزموں سے 3 پستول بمعہ ایمونیشن، واردات کے دوران لوٹے گئے زیورات، نقدی اور موبائل فونز برآمد کر لئے ہیں۔

ایس ایس پی حفیظ الرحمان بگٹی نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکو گلشن معمار سیکٹر فور کے بنگلے میں ڈکیتی کی واردات کر رہے تھے، پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ملزموں کی کوشش ناکام بنا دی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ڈاکوؤں کی بائیو میٹرک تلاش ڈیوائس کی مدد سے شناخت کی جا رہی ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے شاہ فیصل پل پر پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے 4 موبائل فون اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا۔

دوسری جانب لاڑکانہ کے علاقے شیخ زید کالونی میں 3 مسلح ڈاکو نوجوان سے موٹر سائیکل چھین رہے تھے کہ اس دوران شہریوں کو اپنی جانب آتا دیکھ کر 2 ڈاکو فرار ہو گئے جبکہ ایک شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، شہریوں نے ڈاکو کی درگت بنائی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔