پولیس اور رینجرز کا کچہ کے علاقہ میں آپریشن، 2 مغوی بازیاب کرا لیے

Published On 23 March,2024 10:49 pm

کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) تھانہ گبلو کی حدود میں پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کیخلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے۔

ایس ایس پی بشیر بروہی نے بتایا کہ دوران آپريشن پوليس اور ڈاکوؤں کے درمیان جدید اسلحہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس نے 2 ہفتہ قبل غوث پور انڈس ہائی وے سے اغوا ہونے والے 2 مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔

بشير بروہی نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے مغویوں میں خالد میرانی اور صدرالدین میرانی شامل ہیں، بازیاب ہونے والے دونوں مغوی صحافی سلیم میرانی کے چچازاد بھائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کا کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن، مزید 20 پناہ گاہیں مسمار، آگ لگا دی

ایس ایس پی کے مطابق آپریشن کی وجہ سے ڈاکو مغویوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے، پوليس نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی جس پر ڈاکو دونوں مغویوں کو چھوڑ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

بشیر بروہی کے مطابق پوليس اور ڈاکوؤں کے درمیان مسلسل ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، دیگر مغویوں کی بازیابی کیلئے ڈاکوؤں کیخلاف کچے میں آپریشن جاری ہے۔