کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا

Published On 07 March,2024 05:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 4 زخمیوں سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی تین نمبر میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا، ملزموں کی شناخت شوکت اور نصیب کے ناموں سے ہوئی، ملزم شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب سچل میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی، لیاقت آباد میں ریلوے پھاٹک کے قریب سے پولیس نے ایک زخمی ڈاکو کو حراست میں لے لیا، ملزم کی شناخت صدام کے نام سے ہوئی جس کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

ادھر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس کا 2 ڈاکوؤں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم ڈکیتی و چوری سمیت سنگین نوعیت کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ملزموں سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لیے۔